Fiction
sehar alvii

بابل کی آغوش

شام کے سائے گہرے ہو رہے تھے اور صحن میں لگی نیم کے درخت پر پرندے اپنے گھونسلوں میں لوٹ رہے تھے۔ بابل صحن میں لکڑی کی کرسی پر بیٹھے ہاتھ میں تسبیح لیے کچھ پڑھ رہے تھے۔ میں ان کے قریب آئی، ان کے گھٹنوں پر اپنا سر رکھا اور دور افق کی طرف دیکھنے لگی جہاں سورج ڈوب رہا تھا۔ "بابل! میں نے ایک پنچھی کو اپنا دوست بنایا ہے،" میری آواز میں ایک عجیب سا تھراؤ تھا۔ بابل نے تسبیح روکی اور محبت سے میرے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے مسکرائے، "پنچھی؟ کیسا پنچھی، میری لاڈو؟" "بابل وے بابل! وہ بہت البیلا تھا ،" میں نے آنکھیں موند لیں۔ "اس کے سر پر ایک خوبصورت کلغی تھی اور اس کی آنکھوں میں جیسے رات کا گہرا کاجل اترا ہوا ہو۔ اس کی نظر اتنی تیکھی اور نین نقش اتنے دلکش تھے کہ جب وہ اپنے پر پھیلا کر چمکتا تھا، تو مِرے ہوش و حواس اڑ جاتے تھے۔ میں نے اس کے ناز اٹھانے کے لیے اپنے دل کی پوری نگری وار دی ہے۔" بابل خاموشی سے میری باتیں سنتے رہے، شاید وہ میری باتوں کے پیچھے چھپے اس راز کو سمجھ رہے تھے جسے میں دنیا کے ڈر سے سیدھے لفظوں میں بیان نہیں کر سکتی تھی۔ میں نے بات جاری رکھی، "بابل، اسے دنیا کی کوئی سوغات راس نہیں آتی تھی۔ میں نے اس کی خاطر رو رو کر اپنی بھرپور جوانی مٹی کر دی۔ اسے میری میٹھی باتیں نہیں بھاتی تھیں، وہ تو شاید کوئی اور ہی سائیہ مانگتا تھا۔ اور میں... میں نے اس کی چوگ کی خاطر، اس کی بھوک مٹانے کے لیے، اپنے تن کا ماس تک کھلا دیا، اپنی ہستی کی بہت قربانیاں دے دیں تھی۔" صحن میں اندھیرا مزید گہرا ہو گیا تھا۔ نیم کے پتوں سے چھن کر آنے والی ہوا اب کچھ سرد محسوس ہو رہی تھی۔ "پھر کیا ہوا، بیٹی؟" بابل نے دھیمے سے پوچھا۔ میری آنکھوں سے ایک آنسو ٹپک کر بابل کے دامن پر گرا۔ "بابل، پنچھی تو آخر پنچھی ہی ہوتا ہے۔ اسے پنجرے کی قید کہاں منظور ہوتی ہے؟ اس نے محبت کی ڈوری کو ایک ہی جھٹکے میں توڑ دیا اور اس پنجرے کا ایک ایک تنکا بکھیر دیا۔ مجھے زندگی کے منجدھار میں بالکل اکیلا اور تنہا چھوڑ کر... اس نے ایک دن ایسی اونچی اڑان بھری کہ بادلوں سے بھی اوپر نکل گیا۔" میں نے بابل کا ہاتھ اپنے چہرے پر رکھا اور سسک پڑی، "سحرؔ تو بس روتی ہی رہ گئی بابل! وہ البیلا پنچھی ایسا گیا کہ پھر مڑ کر کبھی واپس نہیں آیا۔" بابل نے کچھ نہ کہا، انہوں نے بس مجھے اپنے سینے سے لگا لیا۔ وہ جان چکے تھے کہ ان کی بیٹی کسی پرندے کی نہیں، بلکہ اس بے وفا محبوب کی داستان سنا رہی ہے جو اس کا مان توڑ کر جا چکا تھا۔ **(مگر حقیقت تو یہ ہے کہ اس سحرؔ کا بابل اب اس دنیا میں نہیں ہے۔ صحن کی وہ کرسی خالی تھی اور بابل کا وہ لمس بس ایک اداس تخیل تھا۔ سحرؔ نے اپنے ہی خیالوں میں بابل کا روپ تراش کر دل کی یہ بستی بسا رکھی تھی، کیونکہ حقیقت کی تلخ دنیا میں وہ اپنے باپ کا پیار، ان کا سایہ اور ان کی تسلی کبھی حاصل ہی نہ کر پائی۔ وہ ایک ایسی بیٹی کی پکار تھی جو منجدھار میں تنہا کھڑی، اپنے بابل کی آغوش کو ڈھونڈ رہی تھی۔)**